26 ویں آئینی ترمیم کا کیس اسی ہفتے فل کورٹ میں لگانے کا مطالبہ ،2سینئر ججز کا چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط

12:10 PM, 5 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے دو سینئر ججز نے چیف جسٹس یحیٰ آفریدی کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے 26ویں آئینی ترمیم کے کیس کو اسی ہفتے فل کورٹ میں سننے کا مطالبہ کیا ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 31 اکتوبر کو ہونے والی کمیٹی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 26ویں ترمیم کے کیس کو 4 نومبر کو فل کورٹ میں سنا جائے گا، لیکن کمیٹی کے فیصلے کے باوجود کاز لسٹ جاری نہیں کی گئی۔

خط میں مزید بتایا گیا کہ دونوں سینئر ججز نے 31 اکتوبر کو چیف جسٹس سے اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن جب چیف جسٹس کی جانب سے اجلاس نہیں بلایا گیا، تو دونوں ججز نے خود سیکشن 2 کے تحت اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 26ویں آئینی ترمیم کیخلاف کیس کو 4 نومبر کو فل کورٹ میں سنا جائے گا۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ باوجود اس کے کہ 2 رکنی ججز کمیٹی کا فیصلہ موجود ہے، کاز لسٹ جاری نہیں کی گئی۔ دونوں ججز نے مطالبہ کیا ہے کہ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے کاز لسٹ جاری کی جائے تاکہ 26ویں ترمیم کے کیس کی سماعت فل کورٹ میں کی جا سکے۔

مزیدخبریں