سندھ میں بلدیاتی ضمنی الیکشن کا معرکہ پیپلز پارٹی نے جیت لیا

09:54 PM, 5 Nov, 2023

کراچی : سندھ کے 16اضلاع میں بلدیاتی ضمنی الیکشن کا معرکہ پیپلز پارٹی نے جیت لیا ہے۔ کراچی سے میئر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد  کامیاب رہے ۔جیالوں  نے  جشن منایا۔ 

کراچی کا میئر  اؤر ڈپٹی میئر جیالا ہوگا۔ مرتضیٰ وہاب اور سلمان عبداللہ  کے نام پر مہر ثبت کردی گئی۔ضمنی بلدیاتی انتخابات  میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مرتضیٰ وہاب  3ہزار976 ووٹ   لے کر  گزری کی یوسی 13سے کامیاب ہوگئے۔پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے مشترکہ  امیدوار نور الاسلام نےایک ہزار566ووٹ حاصل کئے۔

یوسی 7 ضلع ملیر سے ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد 4 ہزار 717ووٹ  لے کر پہلے نمبر پر رہے ۔ جماعت اسلامی کے امیدوار 951ووٹ لے کر دوسرے،تحریک انصاف کے امیدوار کو صرف 147ووٹ ملے۔ 

ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ تاہم میونسپل کمیٹی خیرپور کے وارڈ نو میں بدنظمی کے باعث ووٹنگ کا عمل معطل کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے میڈیا کو کوریج کرنے سے بھی روک دیا گیا تھا۔

سندھ کے 16 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے گئے، کل 182 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل جاری رہا، کل 26 یونین کونسلز میں 116 امیدوار مدمقابل تھے۔ 

سکھر ڈویژن کی چھ نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو واضح اکثریت حاصل ہے۔ 5 نشستوں پر پیپلزپارٹی اور ایک پر آزاد امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق سکھر، میونسپل کمیٹی نثار صدیقی یوسی10 پر پیپلزپارٹی کامیاب ہوگئی۔

ٹاؤن کمیٹی پکاچانگ سے پیپلزپارٹی کامیاب ہوگئی۔ وارڈ نمبر6 سے بھی پیپلزپارٹی کے امیدوارکامیاب ہوگئے۔ سانگھڑ ، وارڈ نمبر15 ٹنڈوآدم سے پیپلزپارٹی نے میدان مارلیا۔ جبکہ نواب شاہ، دوڑ ٹاؤن کمیٹی وارڈ نمبر 8 سے پیپلزپارٹی کامیاب ہوگئی۔

شکارپورمیں بھی پیپلزپارٹی کے امیدوار کو واضح اکثریت حاصل ہے۔ سیہون، بھان سعید آباد ٹاؤن کمیٹی کے وارڈ نمبر 2 پر بھی پی پی پی کامیاب ہوگئی۔

سکھر، ٹاؤن کمیٹی نثار صدیقی یوسی 10 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار ارشد مغل 942 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ جے یو آئی کے امیدوار امان اللہ جمالی 204 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

خیرپور، ٹھری میرواہ کی یوسی حسین بخش دستی کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار ارشاد علی لغاری 508 لے کر آگے ہیں جبکہ آزاد اميدوار موردن علی شر 401 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

خیرپور، وارڈ نمبر 9 کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے تحت پیپلز پارٹی کے امیدوارنعمان رضا 921 ووٹ لے کر آگے ہیں اور جی ڈی اے کے امیدوار آصف علی 77 ووٹ حاصل کرسکے۔

ٹنڈوالہ یار، میونسپل کمیٹی کے وارڈ نمبر 1 کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار محمد ظفر سہڑو2281 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار امتیازعلی خاصخیلی 28 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

کشمور، یوسی مسووالا پولنگ اسٹیشن نمبر 8 کے غیر حتمی نتائج غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی پی کے امیدوار محمد رمضان مزاری 46 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے امیدوار اللہ ڈنو 11ووٹ لے سکے۔

یوسی مسووالا پولنگ اسٹیشن نمبر 4 اور 5 میں پی پی امیدوار رمضان مزاری 387 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کےامیدوار اللہ ڈنو 26 ووٹ لے سکے۔

مزیدخبریں