کولکتہ:بھارت کے سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے جنوبی افریقا کے خلاف ورلڈ کپ کے 37 ویں میچ میں سنچری اسکور کرکے سابق بھارتی بیٹر اور ’ لٹل ماسٹر ‘ سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے میچوں میں 49 سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں پروٹیز کے خلاف میچ میں ویرات کوہلی نے 119 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔
اسٹار بیٹر نے 289 ون ڈے میچوں میں سچن ٹنڈولکر کی 49 سنچریوں کا ریکارڈ برابر کیا ہے جبکہ ٹنڈولکر نے 463 میچ کھیل کر 49 سنچریاں بنائی تھیں۔
یہ سنچری ویرات کوہلی کے لیے اس لیے بھی یادگار ہے کہ آج ( 5 نومبر ) کو بھارتی بیٹر کی سالگرہ ہے۔ یوں ویرات اپنی سالگرہ والے دن پر ون ڈے سنچری بنانےو الے ساتویں کرکٹر بھی بن گئے۔