کراچی :کراچی کے پانچ اضلاع میں 10 نشستوں پر آج ضمنی بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں۔ کراچی کے پانچ اضلاع میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور وارڈ ممبران کی 10 نشستوں پر آج ضمنی بلدیاتی انتخابات ہوں گے، پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام پانچ بجے تک مسلسل جاری رہے گا۔
کراچی کے 5 اضلاع ملیر، کیماڑی، شرقی، جنوبی اور وسطی میں ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے 121 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 42 انتہائی حساس جبکہ 79 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ ضلع جنوبی یوسی 13 ٹی ایم سی صدر میں چیئرمین کی نشست کیلئے بنائے گئے 17 میں سے 10 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس جبکہ باقی حساس قرار دیے گئے ہیں۔
ملیر کی یوسی 7 ٹی ایم گڈاپ میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کیلئے 6 امیدوار مدمقابل ہوں گے، چیئرمین کیلئے ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ اور وائس چیئرمین کیلئے محمد سلیم میمن پیپلز پارٹی کے امیداور ہیں جبکہ تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور ٹی ایل پی کے امیدوار بھی میدان میں ہیں۔
ضلع جنوبی یوسی 13 ٹی ایم سی صدر سے چیئرمین کیلئے 7 امیدوار میدان میں ہیں، یوسی 13 کلفٹن میں چیئرمین کی نشست کیلئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار نورالسلام اور ٹی ایل پی کے سکندر آگر بھی میدان میں ہوں گے۔
ضلع کیماڑی یوسی 3 ٹی ایم سی ماڑی پور سے چیئرمین کی نشست پر 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، اس نشست کیلئے پیپلزپارٹی کے امیدوار سیف اللہ ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے محمد حسن اور تحریک انصاف کے محمد زاہد بھی چیئرمین کی نشست کیلئے امیدوار ہیں۔
ضلع جنوبی ٹی ایم سی صدر یوسی 6 پر وائس چیئرمین کیلئے 7 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا جبکہ ضلع جنوبی ٹی ایم سی صدر یوسی 12 میں وائس چیئرمین کیلئے 8 امیدوار مدمقابل ہیں۔
کراچی کے پانچ اضلاع میں 10 نشستوں پر آج ضمنی بلدیاتی انتخابات
08:43 AM, 5 Nov, 2023