لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءشاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان آج ہسپتال سے گھر چلے جائیں گے، واقعہ کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں لیکن لگتا ایسے ہے کچھ لوگ بے بس ہیں اور ان کی بے بسی عیاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا اور اب ان کی طبیعت بہتر ہے جبکہ ڈاکٹروں کو بھی اطمینان ہے، عمران خان جلد صحت یاب ہو کر ہسپتال سے ڈسچارج ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر درج کرنا ہرشہری کا حق ہے مگر 48 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، حقیقت اور الزامات میں فرق تحقیقات سے تلاش کیا جاسکتا ہے اس لئے فائرنگ کے واقعہ کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر درج کرنے گئے تو پولیس نے تعاون نہیں کیا، ایسے لگتا ہے پولیس پر اس کیس کے معاملے میں بہت دباؤے جبکہ اتنے اہم معاملے کی ایف آئی آر درج نہ ہونا سوالیہ نشان ہے۔
پی ٹی آئی رہنماءنے کہا کہ جس پر الزام لگا اس کے ماتحت کیسے شفاف انکوائری ہو گی؟ پنجاب کی حدود میں وفاقی پولیس نے داخل ہو کر کارروائی کی، کیا پنجاب حکومت نے وفاقی پولیس کو کارروائی کی اجازت دی؟ لگتا ایسے ہے کچھ لوگ بے بس ہیں اور ان کی بے بسی عیاں ہے۔
عمران خان کی طبیعت بہتر، 48 گھنٹے بعد بھی ایف آئی آر درج نہ ہونا سوالیہ نشان ہے: شاہ محمود قریشی
07:10 PM, 5 Nov, 2022