عمران خان کو ٹانگ سے زیادہ دماغ کی صحت کی ضرورت ہے: جاوید لطیف 

02:03 PM, 5 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر میاں  جاوید لطیف  نے کہا ہے  اسلحہ لہرانے والوں کو بتا دیتے ہیں ہم رانا ثنا ءاللہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔   عمران خان کی ٹانگ سے زیادہ ان کے دماغ کو صحت کی ضرورت ہے ۔ اللہ عمران خان کو دماغی صحت دے تاکہ ملک انتشار اور فتنے سے بچ سکے۔ ہم ہر صورت اس واقعے کی تحقیقات کروا کر عوام کے سامنے اس جھوٹے کی اداکاری کا پردہ ہٹائیں گے ۔عمران خان کا اصل چہرہ قوم سے غداری اور اداروں کو منقسم کرنا ہے۔ 

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے پریس کانفرنس میں  کہا کہ  عمران خان پر حملہ ایک قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ ایسا واقع کسی کے ساتھ بھی تو بھی قابل افسوس ہے لیکن اس حملے سے نیا بیانیہ بنانا درست نہیں ہے۔ عمران خان نے حملے کے فوراً بعد کچھ لوگوں اور ایک ادارے کا نام لے کر الزام تراشیاں شروع کر دیں۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نام لینے کے بعد کچھ افراد کے گھروں پر حملے کیے گئے۔عمران خان کو جب سے لانچ کیا گیا ملک کا سکون تباہ ہوگیا۔ شہباز گل اور اعظم سواتی جو اداروں کی بات کرتے ہیں ان پر تو ایک طوفان برپا کیا جاتاہے۔ لیکن دوست محمد مزاری کی گرفتاری پر کوئی بات نہیں کرتا۔ سابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد کچھ افراد کی ذاتی انا کی بھینٹ چڑھ گئے مگر کوئی بات نہیں ہوئی۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چار گولیاں لگیں یا نہیں لیکن ان کے دماغ پر اداروں کو منقسم کرنے کی سازش ناکام ہونے پر چار صدمے ضرور لگے ہیں۔  ہنڈلرز سے کہلوایا جاتا ہے کہ عمران خان ریڈ لائن ہے تو عوام کی ریڈ لائن ہمارے ادارے ہیں۔  ہم نہیں کہتے کہ کوئی ماورائے آئین کام کیا جائے لیکن سب جانتے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ کیا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ   اداروں میں بیٹھے افراد جان گئے ہیں کہ ریاست کسی کی ضد پر نہیں چل سکتی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا اسلحہ لہرانے والوں کو بتا دیتے ہیں ہم رانا ثنا اللہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسلحہ کے زور پر ہم دھونس چلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عمران خان کی ٹانگ سے زیادہ ان کے دماغ کو صحت کی ضرورت ہے ۔ اللہ عمران خان کو دماغی صحت دے تاکہ ملک انتشار اور فتنے سے بچ سکے۔عمران خان کی کال پر ملک بھر سے 2950 افراد سڑکوں پر نکلے اور سٹرکیں بند کیں گھروں پر حملے کیے۔ہم ہر صورت اس واقعے کی تحقیقات کروا کر عوام کے سامنے اس جھوٹے کی اداکاری کا پردہ ہٹائیں گے ۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا اصل چہرہ قوم سے غداری اور اداروں کو منقسم کرنا ہے۔ جسٹس شوکت صدیقی کا دفاع کرنا ریاست کی زمہ داری ہے۔ ایک کنارہ جسٹس ثاقب نثار اور دوسرا جسٹس شوکت عزیز ہے۔ جسٹس شوکت عزیز نے جب انصاف کی بات کی تو اسکے بچوں کو اغواء کرلیا جاتا ہے۔ 

مزیدخبریں