لاہور : چیئرمین پی ٹی آئی کے چیف آف سٹاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے سربراہ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے لیکن پنجاب حکومت ایف آئی آر درج نہیں کر رہی ہے۔
شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو رکتے کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی ہو تو امن اور سکون قائم رہتا ہے۔ عمران خان نے ملک اور عوام کی بھلائی کا سفر شروع کیا ہے۔ اس وقت ملک میں امن و امان سمیت سب کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے۔ یہ جنگ صرف عمران خان کی نہیں ملک و قوم کیلئے بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں،سب کیلئے یکساں قانون ہونا چاہئے۔ اس تحریک سے ملک میں قانون کی بالادستی قائم کریں گے۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد عمران خان پہلے سے زیادہ پرجوش ہیں۔ زخمی ساتھیوں کی صحت بھی پہلےسے بہتر ہے،جلد صحت یاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے واقعہ کی مکمل انکوائری ہونی چاہئے۔ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے سربراہ پر قاتلانہ حملہ کیاگیا۔ قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج نہیں کی جارہی۔ عمران خان ملک و قوم کیلئے امید کی کرن ہیں۔