ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف بھی توشہ خانہ سے تحائف غائب کرنے کی تحقیقات کا آغاز

ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف بھی توشہ خانہ سے تحائف غائب کرنے کی تحقیقات کا آغاز
سورس: File

واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف بھی توشہ خانے سے تحائف غائب کرنے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ 

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اوران کی فیملی کو غیرملکی سربراہوں کی جانب سے دیے گئے درجنوں تحائف کا پتہ نہیں چلایا جاسکا۔

تحقیقات کیلئے ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے نیشنل آرکائیو سے مدد مانگ لی ہے اور کانگریشنل تفتیش کاروں نے ان تحائف کی تلاش شروع کردی ہے۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے بادشاہ سلمان کی جانب سے ٹرمپ کو ملنے والا عبدالعزیز السعود اعزاز بھی غائب ہے۔ جاپانی وزیراعظم شنزوآبے نے گالف کھیلنے کے سامان کا قیمتی تحفہ دیا تھا اس کا بھی پتہ نہیں چلایا جاسکا۔

روس کے صدر پیوٹن نے 2018 ورلڈ کپ کی فٹبال ڈونلڈ ٹرمپ کو تحفے میں دی تھی ۔ مصر کے صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مصر کے قدیم دیوتا کا سنہری مجسمہ بھی تحفے میں دیا تھا اور ایلسلواڈور کے صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی بڑی پینٹنگ تحفے میں دی تھی۔

توشہ خانہ سے ملکہ الزبتھ دوم کی دستخط شدہ نایاب تصویر، مہاتما گاندھی کامجمسہ، افغان دری، کرسٹل بال اور اومان کی جانب سے دیے گئے ملبوسات کا بھی پتا نہیں چلا یا جا سکا۔ توشہ خانہ سے غائب تحائف کی مالیت 50 ہزار ڈالر سے زیادہ تھی۔ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ  ڈونلڈ ٹرمپ نے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرائے یا ساتھ لے گئے۔

مصنف کے بارے میں