لاہور: فوجی افسر کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی عمران خان کو قاتلانہ حملے کے معاملے کو سیاسی بنانے ، ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو ملوث کرنے کی بجائے حقیقت پر مبنی ایف آئی آر درج کرانے پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر آباد قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر کے معاملے پر پرویز الہٰی اور عمران خان ایک پیج پر نہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مشتبہ حملہ آور اور نامعلوم افراد کو ایف آئی آر میں نامزد کریں نہ کہ وزیراعظم، وزیر داخلہ اور حاضر سروس میجر جنرل کو۔ پنجاب حکومت کسی فوجی کا نام پرچے میں شامل کرنے سے ہچکچا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی نے اس معاملے پر عمران خان سے بات چیت کی ہے۔ پرویز الہٰی نہیں چاہتے کہ پولیس وہ ایف آئی آر کاٹے جو عمران خان چاہتے ہیں۔