لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان اپنے اوپر حملے کے بعد شہریوں کے سڑکوں پر نہ نکلنے پر پارٹی رہنماؤں سے شدید ناراض ہیں۔ سینئر رہنماؤں کی سرزنش بھی کی گئی ۔
سینئر صحافی انصار عباسی کے مطابق عمران خان اپنی پارٹی کے رہنماؤں سے ناراض تھے کہ وہ قاتلانہ حملے کے بعد جمعہ کو لوگوں کی زیادہ تعداد کو سڑکوں پر احتجاج کیلئے نہیں لا سکے۔
ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی پارٹی کے رہنماؤں سے کہا کہ دیکھیں کہ لوگوں نے بینظیر بھٹو کے قتل کے بعد کس طرح کے رد عمل کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اُس وقت لوگوں نے تین دن تک احتجاج کیا تھا اور زندگی کا پہیہ پورے ملک میں جام ہو گیا تھا، لیکن میرے معاملے میں پی ٹی آئی لیڈر سڑکوں پر لوگوں کو لا ہی نہ سکے اور صرف چند گھنٹے کیلئے چند مظاہرے ہوئے۔
انہوں نے اپنی پارٹی کے رہنماؤں سے کہا کہ وہ کھل کرفوجی افسران کے نام لیں جنہوں نے جمعرات کو مجھ پر حملہ کرایا۔