دبئی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں بھارت نے اسکاٹ لینڈ کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18ویں اوور 85 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف 7ویں اوور میں ہی پورا کر لیا۔ بھارت کی جانب سے کے ایل راہل نے 18 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جب کہ روہت شرما نے 16 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی۔
بھارت نے 86 رنز کا ہدف2 وکٹوں کے نقصان پر ساتویں اوور میں مکمل کیا جس کے بعد بھارت کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی اُمیدیں برقرار ہیں۔
اس سے قبل بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جارج منسے نے 24 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان کائل کوٹزر 1، وکٹ کیپر بلے باز میتھیو کراس 2 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
رچی بیرنگٹن کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔ مائیکل لیسک نے 21 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، مارک واٹ 14 اور صفیان شریف کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے روینڈرا جڈیجا اور محمد شامی نے 3،3، جسپرٹ بمرا نے 2 اور روی چندر ایشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔