چینی، گھی، آٹا، انڈے سمیت 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

06:43 PM, 5 Nov, 2021

اسلام آباد: ٹماٹر، چینی، گھی، آٹا، انڈے، آلو، گوشت اور لہسن سمیت 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اضافہ ہوا ہے۔

یہ بات وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.67 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مہنگائی کی ہفتہ وارمجموعی شرح 15.21 فیصد ہوگئی ہے جب کہ کم آمدن والے افراد کے لیے مہنگائی کی شرح 16.43 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ٹماٹر اوسطاً 20 روپے 9 پیسے فی کلو اور چینی اوسطً 5 روپے 56 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا سلنڈر 77 روپے 96 پیسے مہنگا ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گھی کی فی کلو قیمت 10 روپے 21 پیسے بڑھی ہے جب کہ انڈے 3 روپے 60 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے ہیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا4 روپے 71 پیسے مہنگا ہوا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بیف کی قیمت میں اوسطاً 5 روپے 34 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جب کہ آلو، مٹن، لہسن اورگڑ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات نے اپنی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تین اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جب کہ 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام پایا گیا ہے۔

مزیدخبریں