اسلام ۤآباد : کمر توڑ مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے بکھری اپوزیشن اکھٹی ہونے کو تیار ہوگئی ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان بیک ڈور رابطوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کی کاوشیں کامیابی کی دہلیز پر پہنچ گئی ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق حکومت کے خلاف ہوشربا مہنگائی کے یک نکاتی ایجنڈے پر پیپلز پارٹی اور اے این پی پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کو تیار ہے حکومت کی جانب سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے اورحکومت کو گھر بھیجنے پر اپوزیشن جماعتوں کا اتفاق ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شرکت کے لیے پیپلز پارٹی اور اے این پی راضی ہوگئی ہے۔ الگ الگ احتجاجی مظاہروں کی بجائے اکھٹے احتجاج کرنے ہر غور جاری ہے۔ سید خورشید شاہ عنقریب پی ڈی ایم کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے بھی عنقریب ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں کمر توڑ مہنگائی اور حکومت سے نجات کے لیے مشاورت ہوگی۔ حمزہ شہباز پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کو ظہرانہ بھی دیں گے۔
خورشید شاہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔ خورشید شاہ مولانا فضل الرحمان کو پیپلز پارٹی اور اے این پی کی واپسی پر قائل کریں گے۔۔ پیپلز پارٹی۔اے این پی پارلیمنٹ کی سطح پر پہلے ہی اپوزیشن کے ساتھ کھڑی ہیں۔