پشاور : نیب خیبرپختونخوا نے مالم جبہ سکینڈل میں سابق وزیر اعلیٰ اور وزیر دفاع پرویز خٹک کیخلاف انکوائری روک دی ہے ۔ نیب آرڈیننس آنے کے بعد پرویز خٹک نے نیب کوانکوائری روکنے کیلئے درخواست دی تھی ۔
نیو نیوز کے مطابق نیب نے انکوائری روکنے کیلئے احتساب عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے انکوائری روکنے کے احکامات جاری کردیئے۔
واضح رہے کہ سوات کے علاقے مالم جبہ میں 275 ایکڑ سرکاری اراضی 2014 میں ریزورٹس کے لیے لیز پر دینے کی رپورٹس منظر عام پر آئی تھیں جن میں بے قاعدگیوں اور اقربا پروری کے الزامات لگے تھے۔
نیب نے اس وقت کے وزیر اعلی پرویز خٹک، خیبرپختونخوا کے سینئر وزیرعاطف خان ،سابق چیف سیکرٹری اور وزیر اعظم کے موجودہ سیکرٹری اعظم خان، موجودہ وزیر اعلی اور اس وقت کےصوبائی وزیر سیاحت و کھیل محمود خان، چئیرمین خیبرپختونخوا اسپورٹس بورڈ محسن عزیز کے خلاف تحقیقات کی۔اراضی کے لیز کا اشتہار 15 سال کے لیے دیا گیا تھا تاہم کنٹریکٹ حاصل کرنے کے بعد لیز کو 32 سال تک کے لیے بڑھادیا گیا تھا۔