اسلام آباد: حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے 14 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھجوائی گئی تھی جس پر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے 14 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپ 3 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 145 روپے 82 پیسے ہو گئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 8 روپے 14 پیسے اضافے کے ساتھ 142 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 6 روپے 27 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 116 روپے 53 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 114 روپے 7 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریکوری میں کمی کے سبب قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا تاہم اوگرا سفارشات کے مطابق اضافہ ہوتا تو قیمتیں اس سے بھی کہیں زیادہ ہوتیں۔