لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق نے کابینہ کو خیر آباد کہنے کا عندیہ دے دیا۔ لیگ طارق بشیر چیمہ نے وزیراعظم کے ظہرانے میں نہ جانے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نہ ملاقات کرتے ہیں اور نہ تحفظات دور کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم لاہور جاتے ہیں فیصلے کرتے ہیں لیکن اپنے اتحادیوں کو اعتماد میں نہیں لیتے اس لئے احتجاجا ان کی دعوت میں شریک نہیں ہوئے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما نے کہا کہ ہم حکومت سازی یا فیصلہ سازی میں حصہ داری کے خواہشمند نہیں بلکہ ہماری خواہش ہے کہ ہم اہم اعلان کی طرف نہ جائیں اگر عمران خان کے مسلم لیگ ق غیر اہم ہو چکی ہے تو پھر ٹھیک ہے اور پھر ہم اپنا فیصلہ خود کریں گے۔ اگر ملک کے مفاد اور قومی سلامتی سمیت عوام کی بہتری کے لئے کچھ اچھے فیصلے کرنے اور مسائل کو حل کرنا ہے تو پھر ہم حاضر ہیں۔
طارق بشیر چیمہ نے کہا جس طرح شکایتیں عمران خان سے ہیں ویسی ہی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی ہیں لیکن معاملات تب ہی حل ہوں گے جب وزیراعظم خود اس میں دلچسپی لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم کی مرضی ہے کہ فیصلہ سازی میں شامل نہیں کرنا تو پھر ہم زبردستی نہیں کر سکتے۔ کیا موجودہ صورتحال میں کسانوں کے معاملات صوبہ پنجاب کنٹرول نہیں کر سکتا۔
لیگی رہنما نے کہا ہماری خواہش ہے کہ ہم جس کشتی میں سوار ہیں وہ ضرور کنارے لگے گی اور حکومت چھوڑنے کا ارادہ نہیں کیونکہ ہم اپنی ذات کے لئے کچھ نہیں مانگ رہے بلکہ عوام کے مفاد کے لئے سب کچھ مانگ رہے ہیں۔