فوج کی جگہ سرحد پر ہوتی ہے، پولنگ سٹیشنز پر نہیں: مریم نواز شریف

11:46 AM, 5 Nov, 2020

سکردو: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج کی ہم عزت کرت ہیں، ہر فوجی کی جگہ ہمارے دل میں ہے لیکن فوج کی جگہ سرحد پر ہوتی ہے، پولنگ سٹیشنز پر نہیں، گلگت بلتستان میں ووٹ چوری کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔

سکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گمبہ کے عوام کے پرتپاک استقبال کی دل سے قدر کرتی ہوں۔ آپ کیلئے نواز شریف اور شہباز شریف کا سلام لے کر آئی ہوں۔ میں آپ لوگوں کی آواز بن کر دکھاؤں گی۔ مجھے علم نہیں تھا کہ آپ لوگ مجھ سے اتنی محبت کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ مشکل وقت میں جو لوگ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، ووٹ کا حق صرف ان کا ہے۔ پاکستان کی سیاست اب بدل چکی ہے اور بدلنی بھی چاہیے۔ جو پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپے وہ ووٹ کا حق دار نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ''جعلی وزیراعظم'' گلگت بلتستان صوبہ کا اعلان کرکے چلے گئے۔ دباؤ میں حق کیلئے کھڑا نہ ہونے والا عوام کیلئے کیا کھڑا ہوگا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ پارٹیاں بدلنے والے لوٹوں کو آپ ووٹ نہ دیں۔ نوکریاں دینے کا وعدہ کس کا تھا؟ منہ پر ہاتھ پھیرنے والوں کو پریشانی لاحق ہو چکی ہے۔ ایسے لوگوں کو عوام گھر تک چھوڑ کر آئیں گے۔ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا ہے۔ جھوٹے وعدے کرنے والوں کو گھر پہنچا کر آنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے عوام بلک رہے ہیں، آٹا چینی یہ لوگ کھا گئے ہیں۔ سکردو کے ایک نوجوان کو بھی اس حکومت میں نوکری نہیں ملی۔ 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ تھا، کیا کسی کو ایک بھی گھر ملا؟ عوام جانتے ہیں گلگت بلتستان صوبہ بنانے کا وعدہ ڈھونگ ہے۔ جو انسان اپنی عزت کی پروا نہیں کرتا، اسے آپ کی عزت کی پروا کب ہوگی۔ انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس شخص کو یہ علم نہیں کہ وہ پاکستان کا وزیراعظم ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستانی فوج کی ہم دل سے قدر کرتے ہیں۔ پاکستانی فوج کی جگہ ہمارے دلوں میں ہے لیکن فوج کی جگہ سرحدوں پر ہوتی ہے، پولنگ سٹیشنز پر نہیں۔ جب عوام کو پریشر نہیں ہوگا اور ووٹ چوری نہیں ہوگا تو فیصلہ نواز شریف کے حق میں آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دن ووٹ کی عزت کیلئے کھڑے ہونا، عوام کی عزت کے مترادف ہے۔ گلگت بلتستان کے لوگ انتہائی بہادر ہیں، وہ اپنا حق لینا جانتے ہیں۔ نواز شریف نے آپ کو یونیورسٹیاں اور ترقیاتی منصوبے دیئے جو آپ کا حق ہے۔ وہ آج بھی عوام کے حق کیلئے چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کس کی حکومت آئے گی، اس کا حق یہاں کے عوام کو ہے۔ عوام پارٹی ٹکٹ چھوڑنے والوں کا گھیراؤ کریں، انہیں ووٹ نہ دیں۔ جو ووٹ چوری کرکے آتے ہیں، وہ ووٹ چوروں کو جواب دہ ہیں۔ ہم عوام کے ووٹ سے منتخب ہو کر آتے ہیں، عوام کو جواب دہ ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت بنانے یا گرانے کا اختیار کسی شخص یا ادارے کو حاصل نہیں، حکومت کس کے ووٹ سے آئے گی، یہ اختیار آپ کے پاس ہے، اسے جانے نہ دینا۔ عوام کے نمائندے صعوبتیں برداشت کرتے ہیں، مگر خدمت سے پیچھے نہیں ہٹتے۔ گلگت بلتستان میں ووٹ چوری کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔

مزیدخبریں