لیجنڈ ٹینس سٹار رافیل نیڈال نے اے ٹی پی ٹور میں 1 ہزار کامیابیاں سمیٹ لیں

11:03 AM, 5 Nov, 2020

پیرس: سپین سے تعلق رکھنے والے ٹینس سٹار رافیل نیڈال 1 ہزار فتوحات حاصل کرنے والے دنیا کے چوتھے کھلاڑی بن چکے ہیں۔ امریکی کھلاڑی جمی کونرز 1274، راجر فیڈرر 1242 اور چیک ری پبلک کے آئیوان لینڈل 1068 کامیابیوں کیساتھ ان سے آگئے ہیں۔

رافیل نیڈال نے یہ کارنامہ پیرس میں ہونے والے ایک تاریخی میچ میں اپنے نام کیا جہاں انہوں نے اپنے مدمقابل سپینئرڈ لوپیز کو شکست دی۔ خیال رہے کہ ایک ماہ قبل ہی سپینش لیجنڈ ٹینس سٹار نے بیسواں گرینڈ سلام کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا۔ اس فاتح کے بعد جاری ایک بیان میں نیڈال نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں نمبر ون کھلاڑی بننا چاہتا ہوں تو مجھے بہت سی چیزوں پر توجہ دے کر انھیں درست کرنا ہوگا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے رافیل نیڈال کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں عمر بڑھنے کے باوجود وہ ٹینس کے بڑی سطح کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ لیکن یہ بات بھی درست ہے کہ انھیں کیرئیر میں انجریز سمیت دیگر مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ رافیل نیڈال نے گزشتہ ماہ اکتوبر میں ہی ناصرف 13ویں مرتبہ فرنچ اوپن کو جیتا تھا بلکہ اپنے حریف کھلاڑی راجر فیڈر کا بیس مرتبہ گرینڈ سلام میں کامیاب ہونے کا ریکارڈ برابر کر دیا تھا۔ فرنچ اوپن کے اس مقابلے میں انہوں نے نوواک جوکووچ کو صفر چھ، چھ دو اور سات پانچ سے شکست دی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جوکووچ کیخلاف یہ کامیابی نیڈال کیلئے ایک اور اعزاز بھی اپنے ساتھ لائی تھی۔ اس فتح کیساتھ ہی وہ تن تنہا 100 میچ جیتنے والے ٹینس کھلاڑی بنے تھے۔ رافیل نیڈال کا شمار دنیا کے لیجنڈ کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔

مزیدخبریں