بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تذویراتی، جغرافیائی اور معاشی حب کے طور پر ابھر رہا ہے۔
یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر دیگر ممالک اس منصوبے میں شمولیت کا اختیار کرتے ہیں تو چین اس کا بھرپور طریقے سے خیر مقدم کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین سی پیک منصوبے کی حمایت جاری رکھے گا۔ ان منصوبوں میں زندگی کی بنیادی سہولتوں، زراعت اور صنعتی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ چینی ترجمان نے بتایا کہ رواں سال سے گوادر بندرگاہ پر کارگو شپنگ کا آغاز ہو گیا ہے، اس سے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوئے۔ افغانستان اسی راستے کی مدد سے ضروریات زندگی اور خوراک کی اپنے ملک میں درآمد کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں سے پاکستان میں ستر ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ ان منصوبوں میں بجلی کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کے منصوبے شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) مکمل ہونے والے منصوبے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں شروع ہونے والے بیلٹ اینڈ روڈ کے پائلٹ پراجیکٹس ہیں۔
میڈٰیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وانگ وین بن کا کہنا تھا کہ لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ پاکستان میں سرکاری سطح پر بجلی سے چلنے والا ٹرانسپورٹ کا پہلا پراجیکٹ ہے۔ اس تاریخی منصوبے سے پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہوا۔ ان کا کہنا تھا سی پیک کے تحت پاکستان میں پچیس ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کے کئی منصوبے شروع ہوئے۔
انہوں نے اپنی بریفنگ کے دوران سی پیک بارے پاکستانی قیادت کے عزم اور ان کے مثبت بیانات کو سراہا۔ انہوں نے اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے انٹرویو کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے اسے پاکستان کے بہتر مستقبل کی نوید قرار دیا تھا۔