اسلام آباد: حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ختم ہو گیا ہے، تاہم مذاکرا ت میں کوئی پیشرفت نہ ہو سکی، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک اور رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم دورانی نے مذاکرات کے بعد مختصر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڈلاک ختم کرنے تک مذاکرات جاری رہیں گے۔ رہبر کمیٹی جب اپنے لیڈرز سے بات کرے گی، ہم مذاکرات پر تیار ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارا کئی چیزوں پر اتفاق ہو چکا ہے، درمیانی راستہ ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کئی مطالبات پر رضامندی ہو گئی ہے۔
اس موقع پر اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ رہبر کمیٹی کا وہی مطالبہ ہے جو پہلے تھا۔