وزیراعظم آزادی مارچ والوں کا استعفے کے علاوہ ہر آئینی مطالبہ ماننے کیلئے تیار

01:23 PM, 5 Nov, 2019

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ سے متعلق قائم حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو مکمل اختیار دے دیا۔وزیراعظم کے زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر، وزیر دفاع اور کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک سمیت پرویز الہٰی، نورالحق قادری، اسد عمر اور شفقت محمود شامل تھے۔

اجلاس میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے وزیراعظم کو گزشتہ روز رہبر کمیٹی اور مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات سے متعلق آگاہ کیا۔

بعدازاں تمام تر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعظم نے رہبر کمیٹی سے کہا کہ جو بھی آپ فیصلہ کریں گے مجھے منظور ہو گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے مذاکراتی ٹیم کو مکمل اختیار دیتے ہوئے استعفے کے علاوہ کوئی بھی جائز اور آئینی مطالبہ ماننے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے مطابق اپوزیشن کا قانون سازی اور پارلیمنٹ کے حوالے سے مطالبات منظور ہوں گے لیکن استعفے کی خواہش قبول نہیں ہو گی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے خلاف ساتھ دینے پر چوہدری برادران کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزیدخبریں