دنیا کےتمام ممالک کو مشترکہ چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے، چینی صدر شی چن پنگ

 دنیا کےتمام ممالک کو مشترکہ چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے، چینی صدر شی چن پنگ

شنگھائی: چینی صدر شی چن پنگ نے کہا ہے کہ آفاقیت نے جنگل کے قانون کا خاتمہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چینی شہر شنگھائی میں بین الاقوامی درآمدی نمائش کی تقریب میں عمران خان سمیت 30 ممالک کے 130 مندوبین نے شرکت کی۔ چین کے صدر نے نمائش میں وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی چن پنگ نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کو مشترکہ چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے دنیا میں انقلاب برپا کردیا ہے، گلوبلائزیشن نے ’جنگل کے قانون‘ اور ’جو جیتا سب اسی کا‘ والی سوچ کا خاتمہ کردیا ہے ، چینی معیشت تالاب نہیں بلکہ سمندر ہے اور طوفان اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔

شی چن پنگ نے کہا کہ چین درآمدات بڑھا کر عالمی برادری سے تعلقات مستحکم کرنا اور دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی فرق ختم کرنا چاہتا ہے، چین کے دروازے تمام ممالک کیلیے مزید وسیع کریں گے اور سرمایہ کاروں کے لیے چینی مارکیٹیں کھولیں گے۔

چینی صدر شی چن پنگ نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے جائیں گے، چین آئندہ 15 سال میں 30 کھرب ڈالر کی اشیا درآمد کرے گا، جب کہ 10 کھرب ڈالر کی خدمات بھی درآمد کی جائیں گی۔