اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (س) کے سابق سربراہ مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد کے قتل کی کڑیاں افغانستان سے ملتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مولانا سمیع الحق کے بھائی انوار الحق کو دارالعلوم حقانیہ کا مہتمم اور صاحبزادے حامد الحق کو نائب مہتمم مقرر کرتے ہوئے دونوں کی دستار بندی کر دی گئی ہے۔
بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا حامدا لحق نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کے قتل میں ملوث قوتوں کا اندازہ ہو گیا ہے، کڑیاں افغانستان سے ملتی ہیں، انہوں اپنے والد کے قتل کیخلاف جمعہ کے روز ملک گیر احتجاج کا اعلان بھی کر دیا۔
دارالعلوم حقانیہ میں مولانا سمیع الحق کی رسم قل ادا کی گئی جبکہ مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنما تعزیت کیلئے آئے، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔