غیرملکی شہری کا پاسپورٹ رکھنے والے کفیل کو 15 برس قیدہوگی :سعودی عرب

غیرملکی شہری کا پاسپورٹ رکھنے والے کفیل کو 15 برس قیدہوگی :سعودی عرب
کیپشن: تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

جدہ : سعودی پبلک پراسیکیوشن نے مکفول کا پاسپورٹ رکھنے والے کفیل کے لئے 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال جرمانے یا دونوں میں سے کوئی ایک سزا دینے کا اعلان کر دیا۔

پبلک پراسیکیوشن نے اپنے سرکاری اکاﺅنٹ پر جاری کردہ انتباہ میں توجہ دلائی کہ اجیر کا پاسپورٹ اپنے قبضے میں کرنا انسانی سمگلنگ کا جرم تصور کیا جائے گا اور اس کی سزا 15 برس قید یا 10 لاکھ ریال جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

انتباہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر یہ جرم کسی عورت یا بچے یا معذور کے حوالے سے کیا جائے گا تو ایسی صورت میں سزا مزید سخت کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود نئے قانون محنت اور اس کے لائحہ عمل کے تحت تمام خلاف ورزیوں اور سزاؤں کی نشاندہی کر چکی ہے جس کے تحت اگر کوئی نجی ادارہ ملازمین کی تعطیلات کی پابندی نہیں کرے گا تو اس پر بھی 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

پیشہ ورانہ صحت اور ادارہ سلامتی کے ضوابط پورے نہ کرنے پر 15 ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا تاہم کوئی ایک خلاف ورزی ایک سے زیادہ بار دہرانے پر مذکورہ سزائیں دوگنا کر دی جائیں گی۔