کراچی: سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا۔ذرائع کے مطابق نیب ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں زمین کے گھپلوں سے متعلق کیس کی تفتیش کر رہی ہے اور اس سلسلے میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو پوچھ گچھ کے لیے آج طلب کیا گیا تھا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ قائم علی شاہ نے نیب حکام کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے اور نیب کے تفتیشی افسر پر تحفظات کا بھی اظہار کیا ہے۔
قائم علی شاہ کا مؤقف ہے کہ نیب کے تفتیشی افسر انہیں ذاتی رنجش کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ وہ اس معاملے پر پہلے عدالت سے رجوع کریں گے اور پھر نیب میں پیش ہوں گے۔
نیب ذرائع کے مطابق ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق جو دو رپورٹیں پیش ہوئیں ان میں قائم علی شاہ کا نام نہیں تھا تاہم تیسری رپورٹ میں ان کا نام ہونے کی بناء پر تفتیش کے لیے طلب کیا گیا۔