جنسی ہراسانی میں ملوث افراد سے کوئی رابطہ نہیں رکھیں گے:عامر خان

جنسی ہراسانی میں ملوث افراد سے کوئی رابطہ نہیں رکھیں گے:عامر خان
کیپشن: Image by ndtv.com

ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری میں چلنے والی’می ٹو‘ مہم کے بعد متعدد افراد کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں جبکہ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اب تک کا بڑ ا قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ جنسی ہراسانی میں ملوث افراد سے کام سے متعلق کوئی رابطہ نہیں رکھیں گے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بالی ووڈ کو ایک کے بعد ایک سپر ہٹ فلمیں دینے والے اداکار عامر خان نے مشہور ٹی وی شو ’ کافی ود کرن‘ میں انٹرویو کے دوران کہا کہ میں اوراہلیہ کرن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ’می ٹو‘ مہم کے تحت سامنے آنے والے ناموں کے ساتھ ہم کام نہیں کریں گے اور ان سے کنارہ کشی اختیارکرلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین سے جنسی ہراسانی صرف فلم انڈسٹری تک محدود نہیں بلکہ یہ ان کی زندگی کے ساتھ ہے جو بہت بری اور دل دکھانے والی بات ہے۔


اداکار نے مزید کہا کہ جنسی ہراسانی میں ملوث افراد سے کنارہ کشی اختیار کرنا ہماری ذمہ داری ہے، لیکن میں یہ بھی سوچتا ہوں کہ غلط الزام سے کئی لوگوں کے کیریئربھی ختم ہوجائیں گے جو اپنی جگہ ایک غلط اقدام ہوگا۔


دوسری جانب عامر خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ انڈسٹری سے ایسے لوگوں کا صفایا ہورہا ہے جب کہ خواتین بھی اپنی آوازبلند کررہی ہیں۔ جیسے جیسے جنسی ہراسانی میں ملوث افراد کے نام سامنے آرہے ہیں ویسے ویسے یہ پریشان کن ہوتا جارہا ہے لیکن ’می ٹو‘ مہم خواتین کی آوازبنی ہے جو قابل ستائش ہے۔