ماناما:عرب ملک بحرین کی ایپلٹ کورٹ نے قائد حزب اختلاف شیخ علی سلمان سمیت اپوزیشن کے تین رہنماؤں کو قطر کے لیے جاسوسی کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنا دی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی تین رکنی ایپلٹ کورٹ نے اپوزیشن جماعت الوفاق موومنٹ کے رہنما شیخ علی سلمان، شیخ حسن سلطان اور علی الاسود کو عمر قید کی سزا سنائی۔
رواں سال جون میں ہائیکورٹ نے تینوں رہنماؤں کی جاسوسی کے مقدمے میں رہائی کے احکامات جاری کیے تھے جس کے خلاف ایپلٹ کورٹ میں سماعت ہوئی۔
پبلک پراسیکیوٹر کے مطابق حکومت نے قطر سے تعلقات رکھنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے جب کہ تین رکنی بینچ نے تینوں رہنماؤں کو ملک کے خلاف اقدامات کرنے پر سزا سنائی۔
سزا پانے والے تینوں اپوزیشن رہنما عمر قید کی سزا کے خلاف عدالت سے رجوع کا حق رکھتے ہیں۔اپوزیشن لیڈر شیخ علی سلمان ایک دوسرے مقدمے میں 4 سال قید کی سزا بھی کاٹ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بحرین سمیت سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے 2017 میں قطر سے ہر قسم کے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو قطر جانے اور کسی بھی قسم کے رابطے رکھنے پر پابندی عائد کردی تھی۔