حکومت کی درخواست،ٹوئٹر نے خادم حسین رضوی کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ معطل کردیا

09:46 AM, 5 Nov, 2018

اسلام آباد: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے حکومت پاکستان کی درخواست پر تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی کا اکاﺅنٹ معطل کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے )سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی کے خلاف متحرک ہوگئی، حکومت کی درخواست پرتحریک لبیک کے سربراہ خادم رضوی کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا۔

خادم رضوی کا ٹویٹر اکاﺅنٹ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے معطل کروایا ہے جس نے ٹویٹر انتظامیہ سے خادم رضوی کا اکاؤنٹ معطل کرنے کی درخواست کی تھی۔


ایف آئی اے دیگر اکاﺅنٹس کی بھی مانیٹرنگ کر رہی ہے جس کے بعد نفرت انگیزی پھیلانے والے دیگر اکاﺅنٹس کو بھی بند کروایا جائے گا۔

خیال رہے کہ مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی توہین رسالت کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے بریت کے فیصلے کے خلاف تحریک لبیک پاکستان نے ملک بھر میں احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ شروع کردیا تھا.

ملکی اداروں کیخلاف بغاوت تک بھی عوام کا اکسایا گیا تھا جس کے بعد حکومت نے مذاکرات کرتے ہوئے دھرنا ختم کروایا اور اب خادم رضوی کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ بھی معطل کروادیا گیا ہے۔

مزیدخبریں