عمران خان نے ایک بار پھر اسلام آباد کے گھیراؤ کی دھمکی دیدی

کسی کو این آراو دینے کی کوشش کی گئی توسب کو لیکر اسلام آباد پہنچوں گا، عمران خان

08:47 PM, 5 Nov, 2017

اوباڑو: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نواز شریف اور آصف علی زرداری کو ملک میں کرپشن کاگاڈفادر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی بڑے ڈاکو کو این آراو دینے کی کوشش کی گئی تو سب کو لے کر اسلام آباد پہنچوں گا ۔عوام ایسے کسی شخص کو ووٹ نہ دیں جس کا پیسہ اور کاروبار پاکستان میں نہ ہو،پاکستان میں سب سے زیادہ سندھ کے لوگوں پر ظلم ہورہا ہے.سندھ کے لوگ سارے پاکستان سے پیچھے رہ گئے ،اب سندھ کے لوگ جاگ گئے.

سندھ اور پنجاب کے سرحدی شہر اوباڑو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا 3 سو ارب روپے ملک سے باہر پڑا ہے جب کہ آصف زرداری نے 19شوگر ملوں پر قبضہ کیا ہواہے. نوازشریف اور آصف زرداری اور ان کے بچوں کے اثاثے دبئی،لندن اور پیرس میں ہیں ان لوگوں کو ملک کے اسپتالوں کا حال تک معلوم نہیں ہے یہ لوگ باہر جا کرعلاج کراتے ہیں ان کو پتا ہی نہیں پاکستان میں اسپتالوں کی صورتحال کتنی ابتر ہے۔عمران خان نے کہا کہ شوگر ملوں پر قبضہ کرنے والے ڈاکوں کا سوشل بائیکاٹ کرنا ہے۔ ان چوروں نے سندھ کے لوگوں کا خون چوسا ہے پاکستان میں سب سے زیادہ سندھ کے لوگوں پر ظلم ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاگی ہوئی قوم سامنے نظر آرہی ہے۔  سندھ میں تعلیم، صحت اور سکیورٹی کا نظام تباہ ہو چکا، جو عوام کا پیسہ چوری کرتا ہے ان کا سوشل بائیکاٹ کرنا ہے، وزیر اعظم کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ کیا بڑا ڈاکہ مار کر 40 گاڑیوں کا پروٹوکول ملے گا؟عمران نے کہا کہ شہباز شریف اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ انہیں این آر او مل جائے گا۔ایک این آراو نوازشریف اور ایک آصف زرداری کو ملا لیکن قوم اب کوئی این آر او برداشت نہیں کرے گی۔پی ٹی آئی چیئرمین نے خبردار کیا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مجرموں کو رعایت دینے کے لیے نیب کے قانون میں تبدیلی کی یا نوازشریف اور زرداری کو بچانے کے لیے عدلیہ کوکمزور کرنے کی کوشش کی تو سارا پاکستان اسلام آباد کا رخ کرے گا۔
عمران خان نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہا ایسے کسی شخص کو ووٹ نہیں دینا جس کا پیسا اور کاروبار پاکستان میں نہ ہو۔ مغرب میں کوئی لیڈر ایسا نہیں جس کا پیسا اور جینامرنا باہر ہو، مغرب میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ اس کا بزنس باہر ہو۔عمران خان نے مزید کہا کہ شریف خاندان کا علاج پاکستان میں نہیں ہوتا، ان کا سب کچھ پاکستان سے باہر ہے، میں نے 20 سال باہر کمائی کی، آج میرا سارا پیسہ پاکستان میں ہے، میرا کوئی بینک اکاؤنٹ، گھر یا فلیٹ پاکستان سے باہر نہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ باہر سرکاری ہسپتال میں امیر اور غریب میں کوئی فرق نہیں ہوتا، بیرون ممالک انسانوں کی قدر ہے، برطانیہ میں پاکستان کے مقابلے میں بہت کم وسائل ہیں، برطانیہ کی سالانہ آمدن 50 مسلمان ملکوں کی آمدنی کے برابر ہے، انسانیت کی قدر کی وجہ سے برطانیہ پر اللہ کا فضل ہے، برطانیہ میں بیروزگاروں کو حکومت روزگار دیتی ہے، اگر میں شہباز شریف ہوتا تو اشتہاروں میں ہوتا، لوگ شوکت خانم جا کر دیکھیں کہ میں سچ کہہ رہا ہوں یا نہیں۔عمران خان نے کہا کہ چین نے 3 سال میں 313 وزیروں کو کرپشن پر پکڑا، آج قومیں نواز اور زرداری جیسے حکمرانوں کی وجہ سے غریب ہیں۔  کرپشن پر قابو پانے تک ملک ترقی نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ ز رداری دور میں ہر پاکستانی پر 35 ہزار کا قرض تھا، اب ہر پاکستانی 1 لاکھ 24 ہزار کا مقروض ہے، مقروض ہونے کی وجہ پیسے کا کرپٹ لوگوں کی جیبوں میں جانا ہے۔سب سے زیادہ پیسہ میں اکٹھا کرتا ہوں، وعدہ کرتا ہوں کہ پاکستانیوں سے سالانہ 8 ہزار ارب روپے اکٹھے کر کے دکھاوں گا، قرض نہیں لوں گا، میں قوم کو اعتماد دوں گا کہ آپ کا پیسہ آپ پر خرچ ہو گا، پیسہ لوگوں کی تعلیم، صحت اور سکیورٹی پر خرچ کیا جائے گا۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نئے پاکستان میں عوام کا پیسا اسکولوں اور اسپتالوں پر خرچ ہوگا، لوگوں کی جان و مال کی حفاظت پر پیسہ خرچ کریں گے۔

مزیدخبریں