ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں فیڈرل ٹیکس اتھارٹی نے کہا ہے کہ ملک میں مقیم غیرملکیوں کی ترسیلات زر پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ نہیں ہوگا البتہ ترسیلات زر پر لی جانے والی فیس پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
اتھارٹی کے سربراہ خالد البستانی نے الامارات الیوم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترسیلات زر کو ٹیکس سے استثنی ہے تاہم بینکنگ خدمات فراہم کرنے پر جو فیس وصول کی جاتی ہے اس پر 5فیصد ٹیکس لیا جائے گا۔ دریں اثنا ایک معروف صرافہ کمپنی کے سربراہ محمد الانصاری نے بتایا ہے کہ غیرملکیوں کی ترسیلات زر پر لی جانے والی فیس کی رقم انتہائی معمولی ہے جس پر 5فیصد ٹیکس نافذ کرنے سے کوئی اثر نہیں ہوگا۔ترسیلات زر فیس میں اضافے سے متاثر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر پر جو فیس لی جاتی ہے اس پر 50فلس سے 1.5درہم اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں امارات میں ترسیلات زر پر لی جانے والی فیس سب سے کم ہے۔واضح رہے کہ رواں سال کے دوران امارات میں مقیم غیرملکیوں نے اب تک 40.8بلین درہم کی ترسیلات کی ہیں۔