کلنٹن فاﺅنڈیشن نے قطر سے 10لاکھ ڈالرمالیت کا تحفہ لینے کی تصدیق کردی

03:35 PM, 5 Nov, 2016

واشنگٹن: کلنٹن فاونڈیشن نے ہلیری کے وزارت خارجہ دور میں قطرکی جانب سے10لاکھ ڈالرمالیت کا تحفہ قبول کرنے کی تصدیق کر دی۔غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق قطر کی جانب سے2011 میں بل کلنٹن کی سالگرہ پر کلنٹن فاونڈیشن کو بطور تحفہ 10 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا گیاتھا۔
قطری حکام نے کہا تھا کہ بل کلنٹن سے ملاقات میں انہیں چیک پیش کیا جائیگا۔یہ تحفہ اس وقت قبول کیا گیا جب ہلیری کلنٹن وزیرخارجہ تھیں، اس سے امریکی محکمہ خارجہ کو آگاہ نہیں کیا گیاتھا۔اس بات کا انکشاف وکی لیکس کی جانب سے افشا کی گئی ایک ای میل میں کیا گیا تھا جو فاونڈیشن کے اہلکار نے ہلیری کی صدارتی مہم کے سربراہ جان پوڈسٹا کو لکھا تھا۔
قطر سفارتخانے نے اس حوالے سے رائے دینے سے گریز کیا تاہم کلنٹن فاونڈیشن کی ڈونرز لسٹ میں قطرحکومت کا نام شامل ہے جس نے 10 لاکھ سے 50 لاکھ کے درمیان عطیات فراہم کئے۔

مزیدخبریں