اسلام آباد: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ بیرونِ ملک سازش کا رونا نہیں یہ گوگی بچاؤ کا ماتم ہے، مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پہ ہونے کی وجہ عمران خان کی نالائقی، ناااہلی اور لوٹ مار ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پہ ہونے کی وجہ عمران خان کی نالائقی، ناااہلی اور لوٹ مار ہے۔ تباہ معیشت ، بےروزگاری اور بد ترین مہنگائی کی وجہ عمران صاحب کی کرپشن اور لوٹ مار ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ چور ٹولے نے چار سال خزانہ اور توشہ خانہ لوٹا، اب گوگی بچاؤ تحریک کا عنوان ہے بیرونی سازش، سازشی ٹولے نے چار سال عوام کو لوٹا اور اب رو دھو اور چیخیں مار کے وقت گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان گوگی اور وزیراعظم شہباز شریف عوام کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عمران صاحب کے دور میں آٹا، چینی، گھی، دوائی اور کھاد کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پہ رہی، وزیراعظم شہباز شریف نے چار سال سے ستائی عوام کو 2 ہفتے میں مہنگائی سے ریلیف دیا۔ آج الحمدللّٰہ یوٹیلٹی سٹور کے باہر رمضان میں ایک کلو چینی کے لئے ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی قطاریں نہیں لگیں۔ آج عوام کو چار سال کے بعد صرف دو ہفتوں میں سستا آٹا ، چینی اور گھی مل رہا ہے۔