واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ تعلیمی اور مذہبی جگہوں پر حملہ زیادہ قابل مذمت ہے، جامعہ کراچی میں ہونیوالے دہشتگرد حملے کی بھی مذمت کی۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد حملہ کہیں بھی ہو قابل مذمت ہے، خصوصاً تعلیمی اور مذہبی جگہوں پر حملہ زیادہ قابل مذمت ہے، جامعہ کراچی پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی بھی مذمت کی تھی ۔ نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ پاکستان سے معطل سیکورٹی تعاون کو بحال کرنے پر غور کیا جار ہا ہے۔
نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ بھارت کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر بلیک لسٹ کئے جانے اور امریکی کمیشن کے مودی حکومت پر پابندیوں کے مطالبے سے متعلق سفارشات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے نیڈ پرائس سے سوال کیا کہ کیا بھارت کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر بلیک لسٹ کیا جارہاہے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذہبی آزادی کا کمیشن کوئی حکومتی ادارہ نہیں، امریکی محکمہ خارجہ کمیشن کی سفارشات کا جائزہ لیتا ہے، محکمہ خارجہ کا مذہبی آزادی کا دفتر ان سفارشات کا جائزہ لے رہا ہے۔
واضح رہے کہ مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر امریکی کمیشن نے مودی حکومت پر پابندیوں کا مطالبہ کیا تھا۔