افغانستان: خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری نہ کرنے کی ہدایت

07:50 AM, 5 May, 2022

نیوویب ڈیسک

کابل: امارات اسلامیہ افغانستان میں طالبان حکومت نے خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری نہ کرنے کی ہدایت کر دی، تاہم اس حوالے سے کوئی تحریری حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق   افغانستان کے سب سے ترقی یافتہ شہر ہرات میں طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے ڈرائیونگ لائسنس جاری نہ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔طالبان حکام نے ہرات میں موجود ڈرائیونگ اسکولوں کو ہدایت  کی ہے  کہ وہ خواتین کو لائسنس جاری کرنا روک دیں۔

واضح رہے کہ  افغانستان کے شہر ہرات کو ملک کے دیگر شہروں کی نسبت  ترقی یافتہ سمجھا جاتا ہے جہاں خواتین کا ڈرائیونگ کرنامعمول کی بات ہے۔

اس حوالے سے ڈرائیونگ اسکولوں کی نگرانی کرنے والے ہرات ٹریفک مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جان آغا اچکزئی کا کہنا ہے کہ  خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری نہ کرنے کی زبانی ہدایات ملی تھیں تاہم  شہر میں خواتین کو ڈرائیونگ سے روکنے کے باضابطہ احکامات  موصول نہیں ہوئے ۔

صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ نعیم الحق حقانی نے بھی کسی قسم کا تحریری طور پر حکم نامہ جاری نہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے کہ طالبان حکومت کی جانب سے پہلے بھی کئی ہدایات پر  زبانی طور پر ہی عمل درآمد کروایا جاتا رہا ہے اور کسی قسم کا تحریری حکم نامہ جاری کرنے سے گریز کیا جاتا رہا ہے۔

مزیدخبریں