ماؤنٹ ایورسٹ بیس کیمپ میں 17 کوہ پیماؤں میں کورونا کی تصدیق

09:33 PM, 5 May, 2021

کھٹمنڈو: دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ میں موجود کوہ پیماؤں میں سے کم از کم 17 کوہ پیماؤوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آ گئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ میں موجود بڑی تعداد میں کوہ پیماؤں میں کوویڈ 19 کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں دارالحکموت کھٹمنڈو کے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ اسپتال میں کم از اکم 17 کوہ پیماؤں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

حالیہ ہفتوں میں نیپال میں کورونا وائرس کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور ماونٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ میں کوورنا کی سنگین وبا پھیلنے کا خدشہ بڑھ  گیا ہے۔

بیس کیمپ میں موجود عہدیداروں نے بتایا کہ انہیں دارالحکومت کھٹمنڈو کے اسپتالوں میں داخل کوہ پیماؤں میں سے 17 میں کورونا وائرس ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

کھٹمنڈو کے ایک نجی اسپتال کے عملے نے بی بی سی کو اس بات کی تصدیق کی کہ ایورسٹ بیس کیمپ سے لائے گئے مریضوں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز آئے ہیں۔ تاہم نیپالی حکومت نے اب تک ایورسٹ بیس کیمپ میں مثبت کیسز کے بارے میں کوئی بھی معلومات فراہم کرنے سے انکار کیا ہے۔

نیپالی حکومت کو خدشہ ہے اگر کوہ پیماؤں میں کورونا کیسز کی تصدیق کی گئی تو سب سے بڑی چوٹی کو سر کرنے کی مہم بند کرنا پڑے گی جوکہ اس ملک کی آمدن کا سب سے اہم ذریعہ ہے۔

غیر ملکی کوہ پیما نیپالی حکومت کی آمدنی کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے۔ کورونا وبا کے دوران گذشتہ سال ماؤنٹ ایورسٹ کو بند کردیا گیا تھا۔ نیپالی حکام لازمی قرار دے رہے ہیں کہ بیس کیمپ میں جانے سے پہلے غیر ملکی کوہ پیماؤں کو قرنطینہ کے دن پورے کرنے پڑیں گے۔ تاہم کوہ پیما کمیونٹی نے خدشات  ظاہر کیا ہے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والوں میں کورونا وبا پھیلنے کا سنگین خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

نیپال کی وزارت ثقافت، سیاحت اور شہری ہوا بازی کے انڈر سکریٹری پریم سبیدی نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی وزارت ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ میں کسی کوہ پیما کو کورونا ہونے کے معاملے سے آگاہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا ایورسٹ بیس کیمپ میں کسی بھی کوویڈ کیس کی اب تک وزارت سیاحت کو اطلاع نہیں دی گئی ہے۔ ہمالیہ ریسکیو ایسوسی ایشن جو بیس کیمپ میں حکومت کے زیر اختیار میڈیکل کلینک چلاتی ہے نے بی بی سی کو بتایا کہ اسے مہم جو ٹیموں کے ذریعے کھٹمنڈو پہنچنے والے کچھ کوہ پیماؤں میں کورونا مثبت کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ہمالیہ ریسکیو ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار لاکپا نورو شیرپا نے کہا  کہ ہمیں ماؤنٹ ایورسٹ سے کھٹمنڈو لائے گئے 17 کوؤ پیماؤں میں کورونا مثبت ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایورسٹ بیس کیمپ کلینک میں موجود ڈاکٹر پرکاش کھرل نے کہا کہ کوہ پیماؤں میں مسلسل کھانسی اور بخار جیسی علامات والے لوگوں کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے۔

ڈاکٹر کھرل نے کہا ماونٹ ایورسٹ بیس کیمپ میں عموماً تمام کوہ پیماؤں کو کھانسی ہوتی ہے لیکن ہم دوسری علامات کا شکار لوگوں کو دیکھ رہے ہیں اور ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ان کو الگ رکھا جائے۔

مزیدخبریں