پشاور: لیجنڈ بالی وڈ اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کے مالکان کو حتمی نوٹسز جاری کر دیے گئے۔
ڈائریکٹر میوزیم اینڈ آرکائیو عبدالصمد کے مطابق دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات کا قبضہ عیدکے بعد لے لیا جائے گا اورقبضہ لینے کے بعد بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا ۔ ڈائریکٹر آرکائیواینڈ میوزیم کا کہنا تھا کہ مالک مکان کو ڈپٹی کمشنر کی جانب سے حتمی نوٹسز بھجوا دیے گئے ہیں اور مالکان کو 18 مئی کو طلب کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مالک مکان اپنے اعتراضات جمع کرا سکتے ہیں جب کہ مکانات کی قیمتوں پر وہ اعتراضات کا قانونی حق رکھتے ہیں جبکہ مکانات کی قیمتیں بڑھانے کے لیے حکومت یا عدالت حکم دے سکتی ہے۔
خیال رہے کہ حکومت نے 2011 میں دلیپ کمار کے آبائی مکان کی خریداری کے لیے 3 کروڑ روپے آفر دی تھی جس پر عملی طور پر کچھ نہ ہو سکا تھا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اور مالک مکان کے مابین قیمت سمیت دیگر معاملات کیسے طے پائیں گے اور کب تک گھر کو تیار کر کے قومی ورثہ کے طور پر عوام کے لیے کھولا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی فلم نگری پر راج کرنے والے تین بھائیوں ، راج کپور ،شمی کپور اور ششی کپور کا بچپن کپور حویلی کے آنگن میں گزرا اور ماضی میں کپور خاندان کو مٹی کی محبت پشاور کھینچ لائی تھی جب کہ دلیپ کمار بھی اپنا آبائی گھر دیکھنے آئے تھے جہاں انہوں نے جنم لیا تھا۔