لاہور، پنجاب حکومت نے صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کی زیر صدارت صوبے میں کورونا کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت آٹھ مئی سے صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کرنے جارہی ہے، فیصلے کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران نقل وحرکت محدود ، پبلک ٹرانسپورٹ اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے جبکہ شہروں کے داخلی، خارجی راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کئے جائیں گے، چیک پوائنٹس پر پولیس، رینجرز اور فوج تعینات کی جائے گی۔
وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے پندرہ سے بیس دن نہایت اہم ہیں، عوام عید سادگی سے منائیں اور کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومتی کوششوں کاساتھ دیں اس کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ذمہ دار شہری کا ثبوت دیں۔
اجلاس میں مکمل لاک ڈاؤن کے حوالے سے چیف سیکریٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ عید پر زیادہ چھٹیوں کا مقصد لوگوں کی نقل وحرکت کو محدود کرنا ہے، شہری عید کی چھٹیوں کے دوران غیر ضروری سفر سےگریز کریں، این سی او سی کی ہدایت پر پارکس،سیاحتی مقامات کو بند رکھا جائے اور کورونا سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کی اہمیت سے متعلق شعور اور آگاہی کو بڑھایاجائے۔