لندن: آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اوپنر فخر زمان کو بھی نامزد کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے اپریل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا ہے ۔ اپریل میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں شاندار پرفارمنس دکھائی ، انہوں نے تین ون ڈے میں 228 جبکہ 7 ٹی ٹوئنٹی میں 305 رنز اسکور کیے ۔ فخر زمان کو تین ون ڈے میں 302 رنز بنانے پر شاٹ لسٹ کیا گیا ۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے قائد ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑتے ہوئے ٹی 20 انٹرنیشنل میں تیز ترین 2,000 رنز مکمل کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں ۔
بابراعظم نے کیرئیر کی 52 ویں اننگز میں 2000 رنز کا سنگ میل عبور کیا جبکہ ویرات کوہلی نے 56 اننگز میں تیز ترین 2000 ٹی 20 انٹرنیشنل رنز بنائے تھے ۔ بابراعظم ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 2000 رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی کرکٹر ہیں جبکہ ان سے قبل محمد حفیظ اور شعیب ملک بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں ۔