عیدالفطر پر ویکسی نیشن سینٹرز بند رہنے کا امکان

12:28 PM, 5 May, 2021

اسلام آباد: خبریں ہیں کہ عیدالفطر پر شہری کورونا سے بچاؤ کے ٹیکوں سے محروم رہیں کیونکہ حکومت کی جانب سے عیدالفطر کی چھٹیوں میں تمام ویکسی نیشن سینٹرز کو بند کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس بات پر انسداد کورونا کیلئے بنائے گئے قومی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں غور کیا گیا۔ اگر حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ کر لیا گیا تو لگ بھگ 5 لاکھ کے قریب شہری ان دنوں ویکسین کی خوراکیں حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔

اس سلسلے میں ڈاکٹر جاوید اکرم جو سائنسی ٹاسک فورسز کے رکن ہیں نے کہا ہے کہ لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کورونا ویکسی نیشن کی دوسری خوراک میں چند روز کی تاخیر سے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ وزارت داخلہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد ملک بھر عیدالفطر کی 6 تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے جو 10 سے 15 مئی تک جاری رہیں گی۔

اس سلسلے میں این سی او سی کی جانب سے 'گھر پر رہیں، محفوظ رہیں' کے الفاظ استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو احتیاط برتنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ حکومتی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ عیدالفطر پر ان تعطیلات کا مقصد لوگوں کو وبا سے محفوظ رکھنا ہے، شہروں کو چاہیے کہ وہ ان دنوں میں اپنا زیادہ سے زیادہ وقت گھروں میں گزاریں اور باہر نکلنے سے گریز کریں۔

اعدادوشما رکے مطابق اس وقت پاکستا میں روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کا عمل جاری ہے، اس لئے کہا جا رہا ہے عید کی تعطیلات میں تقریباً 5 لاکھ کے قریب شہری یہ دوا لینے سے محروم رہ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے تو تمام ویکسی نیشن سینٹرز کو بند رکھنے کا کہہ دیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے ابھی حکومت کی جانب سے نوٹی فیکیشن جاری ہونا ہے، اس کے بعد ہی صورتحال واضح ہوگی۔

مزیدخبریں