اسلام آباد: شبلی فراز نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے ہمیشہ سارے کام اپنی بھلائی کے لیے کیے، اب مشکل وقت میں نواز شریف کو پاکستان آنا چاہیے۔ شہباز شریف عوام کی خاطر آئے لیکن لیپ ٹاپ کے سامنے ہی رہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم نے سب کی تجویز کو سنا۔ وہ سب کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرتے ہیں۔ کابینہ میں انتخابی اصلاحات جبکہ تھانہ سسٹم سے متعلق بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ الیکشن کا عمل مکمل طور پر شفاف ہو۔
شبلی فراز نے کہا کہ مشکل وقت میں اللہ سب کو حفظ وامان میں رکھے۔ گزشتہ ادوار کی لوٹ مار کی وجہ سے آج ہیلتھ کا نظام بیٹھ چکا ہے۔ کورونا وائرس سے متعلق بدھ کو اجلاس ہوگا جس میں تمام وزرائے اعلیٰ شرکت کرینگے۔ اجلاس میں کورونا کی صورتحال اور لاک ڈاؤن کے حوالے سے فیصلے ہونگے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ بدقسمتی سے حقیقت ہے ماہ رمضان میں قیمتوں کو بڑھا دیا جاتا ہے۔ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے ہمیشہ کہا مزدور اور دہاڑی دار طبقے کا بھی خیال رکھنا ہے۔
حکومت سندھ پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چھ، چھ صوبائی وزیر کام کرنے کے بجائے پریس کانفرنسز کرتے ہیں۔ لاڑکانہ اور سندھ کی حالت آج سے 50 سال پہلے بہتر تھی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اگر تعاون نہیں کر سکتی تو روڑے نہ اٹکائے اور قومی یکجہتی کو پارہ پارہ نہ کرے۔ ایسے لوگوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ سعید غنی کہتے ہیں حکومت تین سیٹوں پر کھڑی ہے لیکن مجھے ڈر ہے پیپلز پارٹی کہیں لاڑکانہ تک محدود نہ ہو جائے۔
لاک ڈاؤن کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جمہوری ملک میں ڈنڈا لیکر سختی نہیں کر سکتے، ہم درخواست ہی کر سکتے ہیں کہ حفاظتی تدابیر پر عمل کیا جائے۔ جب کاروبار کھلے گا تو حفاظتی تدابیر کو یقینی بنانا ہوگا اور اس پر سب کو عمل کرنا ہوگا۔