بھارتی فوجی قیادت کے بیانات غیر سنجیدہ ہیں: ترجمان پاک فوج

10:26 AM, 5 May, 2020

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے بھارتی فوجی قیات کے بیانات اور پاکستان پر الزامات کو غیر سنجیدہ و بے بنیاد قرار دے دیا۔اپنے ایک بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارتی فوجی قیادت کے بیانات غیر سنجیدہ ہیں اور  پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں، اندرونی مسائل کو پاکستان سے جوڑنے کی بات کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ سلوک پوری دنیا دیکھ رہی ہے اور امریکی رپورٹ میں بھارت کو اقلیتوں سے برے سلوک پر شامل کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت میں کچھ بھی ہوجائے اسے پاکستان سے جوڑا جاتاہے، بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا الزام پاکستان پر لگانا مضحکہ خیز ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے مزید کہا کہ ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مسلح افواج حکومتی احکامات لاگوکرنے میں ہرطرح سے مدد فراہم کررہی ہے اور سول اداروں کے ساتھ بیک اپ سپورٹ دے رہی ہے۔
 

مزیدخبریں