اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 20 کروڑ کا ملک کسی اناڑی کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔
نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن وعدے نہیں عمل کرتی ہے، مسلم لیگ ن کےخلاف جتنی مرضی سازشیں کی جائیں 2018 میں عوام ہمیں ہی ووٹ ہی دیں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ قومیں دھرنے دینے سے ترقی نہیں کرتیں بلکہ قومیں ترقی امن اور ترقیاتی منصوبوں سے ترقی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے پیچھے انفرا اسٹرکچر کی بنیادی حیثیت ہے کیونکہ جس علاقے میں سڑک نہیں جاتی وہ علاقہ فالج زدہ ہو جاتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے چیئرمین تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ کو جس چیز کا تجربہ نہیں وہ کھیل نہ کھیلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 20 کروڑ کا ملک کسی اناڑی کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، عمران خان نے پشاور کو کھنڈر بنا دیا ہے اور پاکستانی قوم جانتی ہے کون کس کام کا اہل ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت 3 فیصد پر ملی جو آج 6 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور ہم توانائی کے شعبے میں تقریباً خودکفیل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید منصوبے بنائےجا رہے ہیں، تبدیلی اسے کہتے ہیں، کنٹینر پر کھڑے ہونے کو تبدیلی نہیں کہتے۔