مظفر رانجھا نے الیکشن میں (ن) لیگ کو فوجی معاونت کا الزام مسترد کر دیا

مظفر رانجھا نے الیکشن میں (ن) لیگ کو فوجی معاونت کا الزام مسترد کر دیا
کیپشن: مظفر رانجھا نے عمران خان کے الزام پر خصوصی جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔۔۔۔فوٹو/ اے پی پی

لاہور: ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب بریگیڈیئر (ر) مظفر رانجھا نے 2013 کے انتخابات میں عمران خان کی جانب سے (ن) لیگ کو فوج کی معاونت کےالزام کی سختی سے تردید کی۔

مظفر رانجھا نے عمران خان کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ عمران خان غیر ذمہ دار شخص ہیں جو فوج پر انتخابات میں اثرانداز ہونے کا الزام لگا رہے ہیں۔ فوج بحیثیت ایک ادارہ کام کرتا ہے اور ایک بریگیڈیئر اپنے لیے کچھ نہیں کر سکتا۔

مزید پڑھیں: چودھری نثار آج اہم پریس کانفرنس کریں گے

انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں فوج کا کوئی کردار نہیں تھا اس وقت کے آرمی چیف جنرل کیانی نے سختی سے منع کیا تھا کہ سیاسی معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کرنا ہے۔  مظفر رانجھا کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے جس میں کامیابیاں مل رہی تھیں۔

بریگیڈیئر (ر) مظفر رانجھا نے عمران خان کے الزام پر خصوصی جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بیان حلفی جمع کرائیں میں بھی بیان حلفی دوں گا جو بھی غلط نکلے اسے سخت سزا دی جائے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ 2013 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو فوج کی مدد حاصل تھی۔

 یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف نے 11 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی


عمران خان نے پنجاب کے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے موجودہ سربراہ اور ملٹری انٹیلی جنس پنجاب کے سابق سربراہ بریگیڈیئر (ر) مظفر رانجھا پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے 2013 کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی فتح کو یقینی بنایا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں