شاداب کی تباہ کن باؤلنگ، نارتھیمپٹن 259 رنز بنا کر آؤٹ

01:11 AM, 5 May, 2018

شاداب خان کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے اپنے دوسرے پریکٹس میچ میں نارتھیمپٹن شائر کو 259 رنز پر ٹھکانے لگا کر بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنا لیے ہیں۔

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کی تیاریوں کے لیے کھیلے جا رہے دوسرے پریکٹس میچ میں نارتھیمپٹن شائر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے ابتدا میں بلے بازوں نے درست ثابت کر دکھایا۔

اوپنر بین ڈکٹ اور کپتان روب نیوٹن نے ٹیم کو 36 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن راحت علی نے ڈکٹ کو ایل بی ڈبلیو کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی جبکہ لیوک پراکٹر رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے تو میزبان ٹیم 41 رنز پر 2 وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اس موقع پر نیوٹن کا ساتھ دینے رچرڈ لیوی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز جوڑ کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی ۔

اس موقع پر شاداب خان نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے دونوں کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کردیا۔لیگ اسپنر نے شاندار باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ان کے سامنے نارتھیمپٹن کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن بے بس نظر آئی اور 168 رنز پر 7 وکٹیں گنوا بیٹھی۔

اس مرحلے پر میزبان ٹیم کی ڈبل سنچری کی تکمیل بھی مشکل نظر آتی تھی لیکن ایڈم روسنگٹن نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے اپنی ٹیم کو تباہی سے بچا لیا۔

روسنگٹن نے ریکارڈو ویسکونسیلس کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ کے لیے 80 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کیا، اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شاداب نے 90 رنز بنانے والے روسنگٹن کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ ان کے اگلے اوور میں ریکارڈو بھی پویلین لوٹ گئے۔

حارث سہیل نے 8 رنز بنانے والے بریٹ ہٹن کو آؤٹ کر کے نارتھیمپٹن شائر کی بساط 259 رنز پر لپیٹ دی۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 77 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راحت علی نے 2 وکٹیں لیں۔

جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنائے تھے اور اسے میزبان ٹیم کا اسکور برابر کرنے کے لیے 253 رنز درکار تھے۔

مزیدخبریں