چیچہ وطنی: وزیراعظم محمد نواز شریف مؤرخہ11مئی بروز جمعرات کو چیچہ وطنی کا دورہ کرینگے،ضلعی انتظامیہ کے مطابق وزیراعظم رائے علی نوازسٹیڈیم میں عوام جلسہ سے خطاب کرینگے۔وزیراعظم محمد نوازشریف کو چیچہ وطنی کے دورہ کی دعوت علاقہ سے مسلم لیگ(ن) کے منتخب اراکین اسمبلی نے دی تھی.ڈپٹی کمشنر ساہیوال شوکت علی کھچی اور ڈی پی او عاطف اکرام نے رائے علی نواز سٹیڈیم میں سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا اورمقامی انتظامیہ کو ضروری ہدایات دیں،وزیر اعظم عوامی جلسہ سے خطاب کے دوران بعض میگاپراجیکٹس کا بھی اعلان کرینگے۔
آج بھی وزیراعظم نواز شریف نے نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالی تو لوڈشیڈنگ عروج پر تھی اب روز الزام تراشی کی جا رہی ہے اور ملک کو تباہ کرنے والے روز ٹی وی پر آ رہے ہیں۔ اگر آپ بدزبانی سے مجبور ہیں تو ضرور اپنا شوق پورا کریں کیونکہ گالیاں نکالنے سے آپ کو خود نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا ہم سنجیدگی سے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں ہم کام نہ کرتے تو اگلے 20 سالوں تک توانائی کے منصوبے مکمل نہ ہوتے۔ جن منصوبوں سے لوگوں کو فائدہ ہو گا اس میں روکاوٹ نہ ڈالیں۔ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ چھوڑ کر جانے والے اب احتجاج کر رہے ہیں۔ پاکستان کے بارے میں 2012 میں باتیں ہو رہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا لیکن اللہ کے کرم سے آج پاکستان کی معاشی ترقی کی دنیا بھر میں تعریفیں کی جا رہی ہیں۔