اسلام آباد : قیام پاکستان سے قبل دیر بالا کی رہائشی لاپتہ خاتون لاہور سے اپنے آبائی علاقہ گورکوہی عشیرئی درہ پہنچ گئی جس کے بعد خاندان کے افراد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اورخوشی میں مٹھائیاں تقسیم کی گئی۔دیر کی رہائشی خاتون جہان سلطان جو قیام پاکستان کے وقت لاپتہ ہوئی تھی اور سوشل میڈیا کے ذریعے پتہ چلاتھاکہ وہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے اننت ناگ میں موجود ہے ۔
اس موقع پر ان کے بھائی ظلام خان نے میڈیاسے بات چیت میں کہا کہ اس کی بہن قیام پاکستان کے وقت چھ سال کی عمر میں لاپتہ ہوئی تھی اور ان کا ملنا اور پاکستان آنا قدرت کی خصوصی مہربانی ہے ان کے یہاں آنے سے بچے، بوڑھے، عورتیں اورسب خاندان والے بہت خوش ہیں۔
لاپتہ افراد کو ملانے والے مرکزی کردار تیمرگرہ کے رہائشی اکرام ہمدرد نے کہا کہ انہوں نے یہ سب کچھ ایک مسلمان اور انسانی ہمدردی کے بنیاد پر کیا ہے اور اس کےلئے اسے چار ماہ محنت کرنا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ وہ کافی خوش ہے کہ اسے محنت کا صلہ مل گیااور ایک لاپتہ خاندان کو ایک دوسرے کے ساتھ ملا دیا۔خاتون کے نواسے حارث نے کہا کہ وہ یہاں آکر اپنی نانی کے خاندان سے مل کر کافی خوش ہیں اورخصوصی طور پر اکرام ہمدرد کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔