اسلام آباد: سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی سے متعلق افواہوں کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم اس معاملے پر مکمل طور پر سپریم کورٹ کے ساتھ ہیں اور ہمیں سپریم کورٹ پر پورا اور مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ہر معاملے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں مگر ہم کڑی نگاہ رکھیں گے کہ حکومت جے آئی ٹی کی کارروائی پر اثر انداز نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم ڈان لیکس کی رپورٹ منظر عام پر لائیں کیونکہ پوری قوم اس رپورٹ کی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کی منتظر ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو استعفیٰ دے کر تحقیقات میں شامل ہونا چاہئے تاکہ جے آئی ٹی شفاف تحقیقات کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کے نام لیک ہونے پر ججز نے برہمی کا اظہار کیا اٹارنی جنرل نے آج اس کیس کے حوالے سے میڈیا پر بات چیت پر پابندی لگانے کی درخواست کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اس سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے مگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ اس کیس تک عوام کو رسائی ملنی چائیے کیونکہ یہ صرف عمرن خان کا کیس نہیں بلکہ 20 کروڑ عوام کا کیس ہے اس لیےکیس کے حوالے سے سب معلوم ہونا چائیے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ خصوصاً جب جے آئی ٹی کے ممبران کی وزیر اعظم اور ان کے بچوں سے تفتیش کرے تو اسے میڈیا پر براہ راست دکھایا جائے کیونکہ ایسا نہ ہو کہ بند کمرے میں 5 افسران ملک کی تقدیر کا فیصلہ کر دیں۔ ہم جے آئی ٹی کی سپورٹ کرتے ہیں مگر اس کیس کی شفافیات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ دن گئے جب 4 لوگ بند کمرے میں ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرتے تھے اب قوم کے مستقبل کا فیصلہ 20 کروڑ عوام کریں گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں