کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، اور آج بھی فی تولہ سونا 700 روپے مہنگا ہوگیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق، آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ 24 قیراط فی تولہ خالص سونے کے نرخ 700 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 7 ہزار روپے تک پہنچ گئے۔
اسی طرح، 24 قیراط 10 گرام سونا 601 روپے مہنگا ہوکر 2 لاکھ 63 ہزار 203 روپے میں فروخت ہوا، جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت 551 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 41 ہزار 278 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب، چاندی کے نرخ بھی بڑھ گئے، اور فی تولہ چاندی کی قیمت 54 روپے اضافے سے 3 ہزار 369 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 46 روپے اضافے کے ساتھ 2 ہزار 888 روپے پر پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی اونس سونا 5 ڈالر مہنگا ہوکر 2 ہزار 916 ڈالر کا ہوگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ملکی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھا گیا تھا، جب فی تولہ سونا 4 ہزار 800 روپے کے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 6 ہزار 300 روپے تک جا پہنچا تھا۔
ماہرین کے مطابق، عالمی سطح پر سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات پاکستانی مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں، اور مستقبل میں مزید اضافے کا امکان ہے۔