افغانستان کے ساتھ تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات میں ہے:علی امین گنڈاپور

03:38 PM, 5 Mar, 2025

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات میں ممکن ہے اور ہم ضلع کرم کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے نتیجے میں حالات بہت بہتر ہو گئے تھے، لیکن حکومت کی تبدیلی کے بعد دہشت گردی کا رجحان دوبارہ بڑھنے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی نکالا جا سکتا ہے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت کو ٹی او آرز بھیجے ہیں، مگر اب تک کوئی جواب نہیں آیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ ضلع کرم کے مسائل کو مستقل طور پر حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور قافلوں پر حملے کرنے والے عناصر کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

پنجاب حکومت کی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی خیبرپختونخوا کے مقابلے میں ایک فیصد بھی بہتر نہیں ہے، اور وفاقی حکومت کی کارکردگی صرف زبانی دعووں اور اشتہارات تک محدود ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے حوالے سے کہا کہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام عوام کی خواہشات پر رکھا گیا تھا، تاہم اگر عمران خان کی طرف سے کوئی حکم آیا تو سٹیڈیم کا نام واپس لے لیا جائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا کی اپنی کرکٹ لیگ جلد شروع کی جائے گی

مزیدخبریں