شہباز شریف کا امریکی صدر کے بیان پر ردعمل: امریکہ کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کیلئے شراکت داری جاری رکھیں گے

12:46 PM, 5 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کے اعتراف پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا اور امریکی صدر کا بیان پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف ہے، جو خوش آئند ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کی قربانی دی اور عالمی سطح پر اس قربانی کو تسلیم کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے تاکہ دہشت گردوں کو پناہ دینے والی جگہوں سے محروم کیا جا سکے اور کسی بھی ملک کے خلاف ان کی کارروائیوں کو روکا جا سکے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لئے قیادت اور عوام کا عزم غیر متزلزل ہے اور امریکا کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کے لیے شراکت داری جاری رکھی جائے گی۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا تھا کہ پاکستان نے اس دہشت گرد کی گرفتاری میں مدد فراہم کی جس نے داعش کے زیر اہتمام 13 امریکیوں کی زندگی چھینی تھی۔

مزیدخبریں